نیویارک( مانیٹرنگ ڈیسک)نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، کیونکہ اگر ملاقات سے نیویارک کے شہریوں کو فائدہ پہنچتا ہے تو بات چیت ضروری ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ممدانی اور ٹرمپ کے درمیان سیاسی اختلافات اور ایک دوسرے پر عوامی تنقید کے باوجود ان کی بالمشافہ ملاقاتیں خوشگوار رہی ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ظہران ممدانی نے کہا کہ اختلافات کے باوجود عوامی مفاد میں ایک دوسرے سے بات چیت کرنا ضروری ہے۔ ان کے بقول اگر وہ صرف ان لوگوں سے گفتگو کریں جو ہر معاملے میں ان سے اتفاق کرتے ہوں تو گویا گھر بیٹھ کر آئینے سے بات کر رہے ہوں گے۔ممدانی نے ٹرمپ کی جانب سے ذرائع ابلاغ پر پابندی کے اقدام سے بھی اختلاف کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ممدانی کے معاونین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ سے ملاقاتیں مثبت رہیں، تاہم میئر نے اپنے سیاسی مؤقف پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔