آئرلینڈ( ویب ڈیسک) میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں 19ویں صدی کا تاریخی اسٹرینکلی کیسل خرید لیا، جس کے ساتھ 440 ایکڑ اراضی بھی شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق محل کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ سے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ میٹا کے ترجمان کے مطابق زکربرگ اور ان کا خاندان تاریخی عمارت کی دیکھ بھال جاری رکھے گا اور آئرلینڈ میں مزید وقت گزارے گا۔دریا کے کنارے واقع اس محل میں کم از کم 11 بیڈرومز، ٹاورز میں چار کمرے، لائبریری، ڈائننگ روم اور ڈرائنگ روم موجود ہیں۔زکربرگ نے یہ جائیداد ایک سرمایہ کار سے خریدی ہے، جو گزشتہ 25 برس سے اپنے خاندان کے ساتھ یہاں مقیم تھا۔ میٹا کا بین الاقوامی ہیڈکوارٹر بھی آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں واقع ہے اور کمپنی کا ڈیٹا سینٹر نئے محل سے تقریباً 20 منٹ کی مسافت پر ہے۔رواں سال زکربرگ کی جانب سے یہ پہلی بڑی جائیداد کی خریداری نہیں، اس سے قبل وہ میامی میں تقریباً 17 کروڑ ڈالر مالیت کا گھر بھی خرید چکے ہیں۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹومارک زکربرگ نے آئرلینڈ میں تاریخی محل خرید لیا
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی