راولپنڈی( پاکستان خبر) پاک فضائیہ نے ملک بھر کے تمام فضائی اڈوں پر 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا، جس کا مقصد ملکی دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یومِ شہدا کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء، معرکۂ حق کے بہادر شہداء اور قیامِ پاکستان سے اب تک دفاعِ وطن کی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائے مغفرت اور قرآن خوانی سے ہوا۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ مرکزی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔اس موقع پر ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں پاک فضائیہ کی شاندار روایات، جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں کی بہادری صرف تاریخ کا حصہ نہیں بلکہ موجودہ نسل کے لیے ایک زندہ ورثہ ہے۔چیف آف دی ایئر اسٹاف نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء جرأت، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں۔ ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادرِ وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ہم مستقل مزاجی اور پختہ عزم کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔