لاہور(پاکستان خبر) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ماضی کے احتجاجی واقعات سے متعلق ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے عہدے کی مسلسل بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ 2014 میں ڈی چوک پر قبریں کھودنے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر حملوں میں ملوث عناصر ایک بار پھر ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں پر تشدد، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور آگ لگانے جیسے واقعات کا بھی حوالہ دیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی مہذب ملک میں ریاست کے خلاف جتھے کی صورت میں حملے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر ریاست مخالف سرگرمیاں کی جاتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو 2014 جیسے دھرنے یا 9 مئی جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کو نقصان پہنچانے، ایمبولینسیں جلانے اور پٹرول بم استعمال کرنے جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ایسے احتجاج سے کاروبار، روزگار، نوجوانوں کی تعلیم اور مزدوروں کے روزگار کو نقصان پہنچتا ہے۔