لاہور( پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ ن پر لگائے گئے دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ دھاندلی کی باریک وارداتوں کی ماہر پیپلز پارٹی خود دھاندلی کا شور مچا رہی ہے، یہ صورتحال حیران کن ہے۔اس سے قبل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں ان کی جماعت کے ساتھ دھاندلی کی گئی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کردار غیر جانبدار ادارے کے بجائے ایک فریق جیسا رہا، جبکہ انتخابات میں دھاندلی کی نئی مثال قائم کی گئی۔انہوں نے مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ نواز شریف کی سیاسی قدر و منزلت کم کرنے کی ذمہ داری دوسروں پر عائد ہوتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی نواز شریف کا احترام کرتی ہے۔پیپلز پارٹی رہنما نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور نکاسی آب کے مسائل کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے گندم درآمد کرنے کے فیصلے، ٹیکسوں اور عوامی سہولیات سے متعلق حکومتی پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔
دھاندلی کی باریک وارداتوں کی ماہر پیپلز پارٹی خود دھاندلی کا شور مچا رہی ہے: مریم نواز
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان