اسلام آباد( کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں مبینہ ٹیکس چوری کی روک تھام اور مکمل ٹیکس وصولی یقینی بنانے کے لیے کم از کم خوردہ قیمتیں مقرر کردی ہیں۔ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ سبزیوں اور حیوانی چکنائی، تیل، گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم قیمت مقرر کی گئی ہے، جس پر آئندہ مینوفیکچررز سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے تحت گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کو تین زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ زمرہ ’’اے‘‘ میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں، جن کی کم از کم قیمت اوسط قومی خوردہ قیمت کے 100 فیصد کے برابر ہوگی۔زمرہ ’’بی‘‘ میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان شامل ہیں، جن کی کم از کم قیمت اوسط قومی قیمت کا 93 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ زمرہ ’’سی‘‘ میں دیگر تمام برانڈز شامل ہیں، جن کی کم از کم قیمت اوسط قیمت کے 85 فیصد کے برابر ہوگی۔ایف بی آر کے مطابق پاکستان بیورو آف شماریات کے ہفتہ وار حساس قیمت اشاریے میں گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی خوردہ قیمت سے 25 روپے فی کلو کم کرکے کم از کم قیمت مقرر کی جائے گی۔ تاہم یہ رعایت صرف ان رجسٹرڈ افراد کو حاصل ہوگی جو ایف بی آر کے رقمی رسید کے نظام اور پیداواری نگرانی کے نظام سے مطابقت رکھتے ہوں۔اگست 2026 کے لیے 26 جولائی کو شائع شدہ قیمتوں کی بنیاد پر اوسط قیمت 613 روپے فی کلو یا لیٹر مقرر ہوئی۔ اس میں 25 روپے کمی کے بعد کم از کم خوردہ قیمت 588 روپے مقرر کی گئی۔ستمبر 2026 کے لیے زمرہ اے کی کم از کم قیمت 588 روپے، زمرہ بی کی 547 روپے جبکہ زمرہ سی کی 500 روپے فی کلو یا لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ آئندہ مہینوں میں بھی قیمت کا تعین اسی طریقہ کار کے تحت ہوگا۔ایف بی آر کے مطابق اگر مصنوعات مقررہ کم از کم قیمت سے زیادہ پر فروخت کی گئیں تو سیلز ٹیکس زیادہ قیمت پر وصول کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن نومبر 2026 کے ٹیکس عرصے تک نافذ العمل رہے گا۔