اسلام آباد( ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ٹیلی کام ٹاورز پر متبادل بجلی کے انتظامات کی جانچ شروع کردی۔پی ٹی اے کی ٹیمیں مختلف شہروں کے شہری اور دیہی علاقوں میں ٹاورز کا معائنہ کر رہی ہیں، جہاں بیٹریوں، جنریٹرز اور شمسی توانائی کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں چیکنگ جاری ہے، جبکہ لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں موبائل سگنلز اور خدمات کی دستیابی بھی جانچی جا رہی ہے۔پی ٹی اے کے مطابق مقامی نمائندے بھی ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کر رہے ہیں، جہاں بجلی کی بندش کے باعث کمزور سگنلز یا موبائل سروس کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔پی ٹی اے چیئرمین نے زونل دفاتر کو ٹیلی کام ٹاورز کا باقاعدگی سے جائزہ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی کے لیے متبادل بجلی کے نظام کی نگرانی ضروری ہے۔