نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں طلبہ کے زیر استعمال نجی ہاسٹل کی پانچ منزلہ عمارت اچانک منہدم ہونے سے کم از کم 7 طلبہ ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔بھارتی حکام کے مطابق جنوبی دہلی میں عمارت گرنے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں اب تک 11 افراد کو ملبے سے نکال چکی ہیں، جبکہ اندازہ ہے کہ مزید 30 سے 50 طلبہ ملبے تلے پھنسے ہوسکتے ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں پانی جمع تھا اور وہاں مرمتی کام جاری تھا، اسی دوران عمارت منہدم ہوگئی۔ تاہم حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں عمارت کو اچانک زمین بوس ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ قریبی افراد جان بچانے کے لیے محفوظ مقام کی طرف بھاگتے نظر آتے ہیں۔