کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) مائیکروسافٹ کی ایپ ’’لنک ٹو ونڈوز‘‘ میں نئے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اپنے اینڈرائیڈ فون سے دور بیٹھے ونڈوز کمپیوٹر کو بند یا دوبارہ شروع کر سکیں گے۔اس سے قبل یہ ایپ موبائل فون اور کمپیوٹر کو منسلک کرکے کالز، پیغامات، تصاویر اور فائلوں کی منتقلی سمیت متعدد کاموں میں سہولت فراہم کرتی تھی۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کے مطابق، ایپ کے نئے ورژن میں کمپیوٹر کو کنٹرول کرنے کے مزید اختیارات شامل کیے جا رہے ہیں۔ پہلے صارفین اس ایپ کے ذریعے اپنے کمپیوٹر کو صرف لاک کر سکتے تھے، تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد انہیں زیادہ سہولتیں میسر ہوں گی۔رپورٹ کے مطابق، ایپ میں موجود ’’لاک پی سی‘‘ کے بٹن کی جگہ اب پاور بٹن شامل کیا جا رہا ہے۔ اس بٹن پر کلک کرنے سے چار اختیارات سامنے آئیں گے، جن میں کمپیوٹر کو لاک کرنا، سلیپ موڈ میں ڈالنا، مکمل طور پر بند کرنا اور دوبارہ شروع کرنا شامل ہیں۔ان میں سے کسی بھی آپشن کا انتخاب کرنے پر ایپ صارف کو خبردار کرے گی کہ اس عمل کے نتیجے میں کمپیوٹر پر موجود غیر محفوظ شدہ ڈیٹا ضائع ہو سکتا ہے۔ اس لیے کمپیوٹر بند کرنے یا دوبارہ شروع کرنے سے پہلے ضروری فائلوں کو محفوظ کرنا اہم ہوگا۔
اینڈرائیڈ فون سے ونڈوز کمپیوٹر بند اور ری اسٹارٹ کرنے کی سہولت متعارف
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی