اسلام آباد( پاکستا ن خبر) ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ قانونی ویزا یا دیگر سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی افغان شہری کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا گیا۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ آئی ایف آر پی کے تحت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز پر کارروائی جاری ہے۔ترجمان کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار افغان خواتین، بچوں اور بزرگ افراد کے پاکستان میں قیام کی مدت میں توسیع کی جا رہی ہے۔طاہر اندرابی نے چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے مبینہ واقعے سے متعلق کہا کہ اس حوالے سے تاحال کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے موصول ہونے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے، اس لیے غیر مصدقہ رپورٹس پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں۔