لاہور( پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اعتماد، باہمی احترام اور آزمودہ تعلقات پر مبنی ہے، جسے اب ڈیٹا، ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے مرحلے میں لے جانے کی ضرورت ہے۔بیجنگ میں مریم نواز شریف نے پارٹی سیکریٹری ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے معاملات اور پاک چین تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔بین الاقوامی بگ ڈیٹا نمائش سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کا اہم مرکز بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈیجیٹل تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔ صوبے کے نوجوان باصلاحیت اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہیں، جبکہ انہیں ٹیکنالوجی کی تعلیم اور ضروری تربیت فراہم کی جارہی ہے۔مریم نواز کے مطابق ڈیجیٹل انقلاب عالمی معیشت کا رخ تبدیل کررہا ہے اور ڈیجیٹل معیشت روزگار کے وسیع نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور بڑے اعداد و شمار مستقبل کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت کو تعلیم، صحت، زراعت اور حکومتی نظام سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی تیز رفتار ڈیجیٹل ترقی پاکستان کے لیے قابلِ تقلید نمونہ ہے۔وزیراعلیٰ نے گویژو میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب زرعی پیداوار کے حوالے سے بڑی منڈی ہے اور حکومت زراعت میں بنیادی تبدیلیاں لارہی ہے، جبکہ صوبہ ملک کے لیے غذائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔مریم نواز نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
پاک چین دوستی کو ٹیکنالوجی اور جدت کے نئے دور میں لے جائیں گے، مریم نواز
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان