اسلام آباد( کامرس ڈیسک) پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کے تین معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت ملک میں سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔ مالی معاونت سے توانائی، ماحولیاتی استحکام اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔پروگرام کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی بہتر بنانے کے علاوہ خیبرپختونخوا کے دور دراز دیہی علاقوں میں قابل تجدید توانائی کو فروغ دیا جائے گا اور توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔وزارت اقتصادی امور کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ یورپی یونین کی معاونت پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہے۔ یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے معاہدوں کو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری میں تعاون کے عزم کا اظہار قرار دیا۔