لاہور( کامرس ڈیسک) یونان کی سفیر ایلینی پوریکی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر فہیم الرحمان سہگل سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور یونان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے کاروباری روابط میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ یونانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعلقات معاشی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ایلینی پوریکی نے کہا کہ پاکستانی اور یونانی کاروباری برادری کے درمیان براہ راست کاروباری روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونان میں پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یونان میں پاکستانی کارکنوں کے لیے زراعت، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں میں کام کے امکانات موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں کپڑے کی صنعت کے ساتھ سیاحت اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کو بھی خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے۔یونانی سفیر نے مزید کہا کہ یونان سیاحتی شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں حاصل اپنی مہارت اور تجربہ پاکستان کے ساتھ بانٹ سکتا ہے، جس سے پاکستان اپنے سیاحتی شعبے کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمان سہگل نے کہا کہ پاکستان اور یونان کو زراعت، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانا چاہیے۔ پاکستان یونان کی جدید ٹیکنالوجی، فنی مہارت اور تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یونان کے سیاحتی تجربے سے بھی استفادہ کرسکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری وفود کے تبادلے اور براہ راست کاروباری ملاقاتوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
پاکستان اور یونان میں تجارت بڑھانے، کاروباری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق
واپس خبروں پر
Category:
کامرس