لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستانی فاسٹ بولر احمد دانیال نے کہا ہے کہ ملک میں کئی باصلاحیت نوجوان تیز گیند باز موجود ہیں جو مسلسل 140 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار حاصل کرسکتے ہیں، اس لیے فاسٹ بولنگ میں پیدا ہونے والی کمی مکمل طور پر دور کی جاسکتی ہے۔ نجی ٹی وی میں احمد دانیال نے بتایا کہ لاہور میں قومی کرکٹ اکیڈمی کے گیند بازوں کی تربیتی سرگرمیاں شدید گرمی اور حبس کے باوجود جاری ہیں۔ موسم کی شدت کے باعث احتیاط سے مشقیں کی جارہی ہیں، جس کا مقصد کھلاڑیوں کو آئندہ سیزن کے لیے مکمل طور پر تیار رکھنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں قومی چیمپئنز کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شرکت کی، تاہم انجریز کے باعث مشکلات پیش آئیں۔ ڈاکٹر جاوید مغل کے ساتھ مسلسل کام کرنے کے بعد اب صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔