اسلام آباد( پاکستان خبر) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ تینوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے، تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بحرانوں کا حل مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، جس میں باہمی یکجہتی اور دفاعی تعاون شامل ہیں۔طاہر اندرابی کے مطابق سعودی عرب میں تینوں ممالک کے درمیان تعاون کیلئے سیکرٹری جنرل کا انتظام قائم کیا جائے گا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ صنعتی تعاون، مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیں گے، جبکہ تینوں ممالک کی مسلح افواج علاقائی امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصبوں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جبکہ استنبول میں ترکیہ کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے امن، تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت علاقائی دیرپا امن و استحکام کے حصول کا سب سے قابل عمل راستہ ہے۔پاکستان آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کے دوران اسلام آباد میں تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔