اسلام آباد( پاکستان خبر) ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون جاری ہے، تاہم دفاعی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کے لیے وقت درکار ہوگا۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری و سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔سجاد حیدر خان کے مطابق پاکستانی فورسز تربیت اور لاجسٹک مقاصد کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا، جبکہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے دفاعی تعاون کے مزید پہلو سامنے آئیں گے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے، بھارتی دعووں اور اقدامات سے اس کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کی جاسکتی۔ اقوام متحدہ کے سرکاری نقشے میں بھی جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، لہٰذا بھارتی اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔سجاد حیدر خان نے بھارتی شہر سہارن پور میں مسجد مسمار کیے جانے کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بابری مسجد کی یاد تازہ کرتا ہے۔افغان طلبہ سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ان پر پابندی عائد کیے جانے کا تاثر درست نہیں۔ افغان طلبہ کے خلاف مکمل پابندی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جبکہ درست ویزا اور ڈگری پروگرام میں رجسٹریشن رکھنے والے افغان طلبہ اپنی تعلیم مکمل کرسکتے ہیں۔