جدہ( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کے بعد ایران کو واضح پیغام پہنچایا ہے کہ وہ یمنی حوثیوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے حملے رکوانے کی کوشش کرے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سفارتی اور پاکستانی ذرائع نے بتایا کہ یہ پیغام گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران تک پہنچایا گیا۔ پیغام میں خبردار کیا گیا کہ اگر حوثیوں کے حملے جاری رہے تو خطے میں جاری پراکسی تنازع ایک بڑے سکیورٹی بحران کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان حالیہ دفاعی تعاون کے تناظر میں پاکستان کا یہ پیغام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ریاض میں سعودی حکام نے پاکستانی اور ترک فوجی نمائندوں سے ملاقات بھی کی، جس میں ممکنہ ردعمل کے حوالے سے رابطہ کاری پر غور کیا گیا۔رائٹرز کے مطابق تینوں ممالک نے اتفاق کیا ہے کہ ان کی افواج یمن میں داخل نہیں ہوں گی، جبکہ کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کو سعودی سرحدوں کے دفاع تک محدود رکھا جائے گا۔