اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کو پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ جاری کرنے پر 2026 ایشیا بحرالکاہل کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں عالمی اعزاز حاصل ہوگیا۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ پاکستان نے مئی 2026 میں اپنا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ جاری کیا، جس کی مالیت ایک ارب 75 کروڑ چینی یوآن تھی۔ بانڈ کو سرمایہ کاروں کی جانب سے جاری کردہ حجم کے مقابلے میں 5 گنا سے زائد طلب موصول ہوئی۔خرم شہزاد کے مطابق پانڈا بانڈ کا اجرا پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی تعاون، عالمی سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانڈ کو ملنے والی ریکارڈ طلب پاکستان کی معاشی بحالی اور استحکام کی عکاس ہے، جبکہ عالمی سطح پر پذیرائی سے دونوں ممالک کے مالیاتی روابط مزید وسعت اختیار کررہے ہیں۔مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ سی پیک کے بعد نجی شعبے اور سرمایہ بازار میں بھی پاکستان اور چین کی تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط ہورہی ہے۔