لندن( سپورٹس ڈیسک)برطانیہ کے شہر پورٹسماؤتھ میں تارکینِ وطن کے خلاف احتجاج کے لیے جمع افراد اس وقت حیران رہ گئے جب انہیں معلوم ہوا کہ جن لوگوں کو وہ پناہ کے متلاشی سمجھ رہے تھے، وہ دراصل پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور عملہ ہیں۔یہ واقعہ پورٹسماؤتھ کے ایک میریٹ ہوٹل کے باہر پیش آیا، جہاں پاکستان کی نوجوان کرکٹ ٹیم دورۂ انگلینڈ کے دوران قیام پذیر ہے۔رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ تارکینِ وطن کو بس کے ذریعے ہوٹل میں منتقل کرکے وہاں ٹھہرایا جارہا ہے، جس کے بعد تقریباً 40 سے 50 افراد ہوٹل کے باہر جمع ہوگئے۔ بعض مظاہرین نے اپنے چہرے بھی ڈھانپ رکھے تھے۔یہ صورتحال ایسے وقت سامنے آئی جب پورٹسماؤتھ میں چند روز قبل انگلش چینل کے ذریعے آنے والے پناہ کے متلاشی افراد کے معاملے پر احتجاج اور کشیدگی دیکھی گئی تھی۔ریفارم یوکے کے کونسلر جارج میڈگوِک بھی موقع پر پہنچے اور ہوٹل انتظامیہ سے صورتحال دریافت کی۔ انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ ہوٹل میں موجود افراد پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور عملے کے ارکان ہیں۔بعد ازاں ٹیم کے کوچ نے بھی کونسلر سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں و عملے کی شناخت سے متعلق ثبوت پیش کیے، جس سے صورتحال واضح ہوگئی۔