اسلام آباد( ویب ڈیسک) پاکستان میں فائیو جی سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں فائیو جی صارفین کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 78 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق صرف چار ماہ کے دوران 8 لاکھ 79 ہزار نئے صارفین فائیو جی سروس سے منسلک ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں فائیو جی صارفین کی تعداد 71 ہزار تھی، جو اپریل میں بڑھ کر 2 لاکھ 98 ہزار ہو گئی۔دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ مئی کے دوران یہ تعداد 5 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ جون کے اختتام پر فائیو جی صارفین کی تعداد 9 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر گئی۔پی ٹی اے کے مطابق 6 جولائی تک ملک میں فائیو جی صارفین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 10 لاکھ 78 ہزار 534 ہو گئی، جو پاکستان میں نئی موبائل ٹیکنالوجی کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔