کراچی ( کامرس ڈیسک)مؤثر مالیاتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان مالی نظم و ضبط کے ذریعے معاشی استحکام کی جانب اہم پیش رفت کر رہا ہے۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق پاکستان اب تک تقریباً 5 ہزار 920 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے قبل ادا کرچکا ہے، جس سے قبل ازوقت قرض ادائیگی کا مجموعی حجم 6 ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔مشیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے اگست 2025ء میں قبل ازوقت قرض ادائیگی کے 1 ہزار 133 ارب روپے کے سابقہ ریکارڈ کو بھی عبور کرلیا ہے۔ مالی سال 2025-26ء کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2 ہزار 900 ارب روپے کا قرض مقررہ وقت سے پہلے ادا کیا گیا۔خرم شہزاد کے مطابق مالی سال 2026-27ء میں بھی اب تک مزید 1 ہزار 200 ارب روپے کا قرض قبل ازوقت ادا کیا جاچکا ہے۔ ان ادائیگیوں کے نتیجے میں مجموعی قرض میں کمی آئے گی اور آنے والے برسوں میں بڑے قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ بھی کم ہوگا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کا قرض کے انتظام کا نظام اب روایتی ادائیگیوں تک محدود نہیں رہا بلکہ سرکاری مالیاتی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے کی سمت آگے بڑھ رہا ہے۔