اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح رواں مالی سال 4 فیصد یا اس سے زیادہ رہ سکتی ہے۔وزیر خزانہ نے خودمختار سرمایہ کاروں کے گول میز اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معاشی صورتحال اور حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں اس بات کو نمایاں کیا گیا کہ پاکستان مسلسل تین سال سے بنیادی مالیاتی سرپلس برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس کے علاوہ مالیاتی خسارہ 22 سال کی کم ترین سطح پر آنے اور ملک کی خودمختار قرضہ جاتی درجہ بندی میں بہتری کا بھی ذکر کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے قرضوں پر اٹھنے والے اخراجات کم کرنے اور قرضوں کی ادائیگی کی مدت میں اضافہ کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر زرمبادلہ کے ذخائر، مہنگائی اور بیرونی شعبے کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔اعلامیے کے مطابق توانائی کے تحفظ، ضرورت مند طبقات کے لیے ہدفی ریلیف اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مالی معاونت کے امور بھی زیر بحث آئے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع پر معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 4 فیصد یا اس سے زائد رہے گی۔