اسلام آباد (کامرس ڈیسک) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہے اور رواں مالی سال میں بھی بہتری کا عمل برقرار ہے۔لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ سے ورچوئل خطاب میں محمد اورنگزیب نے بتایا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری ریکارڈ ہوئی ہے، جبکہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ کو سہارا مل رہا ہے اور آئی ٹی برآمدات میں بھی مسلسل ترقی ہورہی ہے۔وزیرِ خزانہ کے مطابق پاکستان امداد پر انحصار سے تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دوطرفہ شراکت داروں کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری روابط کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور تجارتی تعلقات وسیع کرنے پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کیلئے واضح راستہ اختیار کرلیا ہے۔ برآمد کنندگان کو 4.5 فیصد شرح پر ری فنانس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 11.5 فیصد ہونے کے باوجود انہیں 4.5 فیصد کی شرح پر ری فنانس مل رہا ہے۔