لاہور ( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا مجموعی ٹیسٹ ریکارڈ 1987ء کے بعد پہلی مرتبہ منفی ہوگیا ہے۔لارڈز میں کھیلا گیا مقابلہ پاکستان کا 473واں ٹیسٹ تھا۔ شکست کے بعد قومی ٹیم کی فتوحات کی تعداد 153 جبکہ ناکامیوں کی تعداد بڑھ کر 154 ہوگئی۔پاکستان کا ٹیسٹ ریکارڈ اس سے قبل اگست 1987ء میں منفی ہوا تھا۔ اس وقت دی اوول میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد پاکستان نے 170 ٹیسٹ کھیل کر 39 کامیابیاں حاصل کی تھیں، جبکہ 40 میچز میں اسے شکست ہوئی تھی۔گزشتہ کئی برسوں سے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی مسلسل کمزور کارکردگی نے ایک بار پھر ٹیم کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے، جو قومی ٹیسٹ کرکٹ میں جاری بحران کی واضح عکاسی کرتا ہے۔