لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا میں سامنے آنے والی ڈسپلن اور کھلاڑیوں کے رویے سے متعلق رپورٹس کا اندرونی طور پر جائزہ لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی ہے۔پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کمیونیکیشنز عامر میر کے مطابق معاملے کی جانچ بورڈ کے معمول کے ضابطہ کار اور متعلقہ قوانین کے مطابق کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ افراد کے مؤقف اور معاملے سے جڑے حالات کو مناسب اہمیت دی جائے گی۔پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اس مرحلے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس اور دیگر پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ دعوؤں کو قابلِ اعتماد نہ سمجھا جائے۔بورڈ نے خاص طور پر بیرونی مخالف ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات پر انحصار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ فی الحال معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ شائقین اور دیگر متعلقہ حلقوں کو معلومات کے لیے صرف بورڈ کے سرکاری بیانات پر اعتماد کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔