دبئی( پاکستان خبر)دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی، جس کے بعد متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث دبئی ایئرپورٹ حکام نے پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کر دیا تھا، جس کی وجہ سے پرواز پی کے 212 روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔تاخیر کے دوران مسافروں کو طیارے میں ہی کھانا فراہم کیا گیا، تاہم بعد میں بعض مسافروں نے بد نظمی شروع کر دی اور کاک پٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک لیا، تاہم ایک مشتعل مسافر نے طیارے کی کھڑکی بھی توڑ دی۔صورتحال خراب ہونے پر دبئی سیکیورٹی حکام کو طلب کیا گیا، جنہوں نے طیارے کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ آرائی میں ملوث مسافروں کو حراست میں لے لیا۔واقعے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پرواز پی کے 212 آج رات 11 بج کر 15 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔