اسلام آباد (پاکستان خبر) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے وعدے کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق مذاکرات اور آئندہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات سے قبل مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس متوقع ہیں، جن میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق واضح ایجنڈے اور اہم نکات پر بات چیت کی جائے گی تاکہ اس معاملے پر پیش رفت ممکن ہوسکے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ عوام کے لیے حقیقی ریلیف ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی درخواست پر سپر لانگ مارچ میں وقفہ کیا گیا تھا، تاہم پیٹرولیم لیوی کے خلاف جلسوں اور محضرناموں پر عوامی دستخط جمع کرنے کی مہم جاری ہے۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اس وقت تک اپنی تحریک جاری رکھے گی جب تک عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکیج حاصل نہیں کرلیا جاتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ، وزیراعظم حافظ نعیم سے ملاقات کے خواہاں ہیں، رانا ثنا اللہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان