اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آٹو پالیسی 2026 کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق نئی آٹو پالیسی کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے آئی ایم ایف سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ آٹو پارٹس پالیسی سے متعلق قائم کمیٹی نے اپنی سفارشات کی منظوری دے دی تھی۔دستاویز کے مطابق آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے کے لیے عالمی ویلیو چینز سے روابط قائم کرنے اور برآمدی شعبے میں 5 بڑے اینکر مینوفیکچرنگ ادارے شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔آٹو سیکٹر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے کلسٹرز قائم کرنے جبکہ برآمدی آٹو پارٹس کی درآمد پر عائد ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔آٹو پارٹس ایکسپورٹ کونسل کے قیام، مقامی ویلیو ایڈیشن لازمی قرار دینے، آٹو انڈسٹری میں کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی منظوری کے مراحل کو ڈیجیٹل بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔الیکٹرک گاڑیوں کے لیے یکساں مراعات فراہم کرنے، نئی انرجی گاڑیوں پر صرف ایک فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، کیپٹل ویلیو ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔دستاویز میں الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے قرض کی حد بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔