اسلام آباد( ویب ڈیسک) ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز میں خرابی کی شکایات کے ازالے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) متحرک ہوگئی۔ اتھارٹی نے ایک ہفتے کے دوران فیلڈ مانیٹرنگ سروے کرتے ہوئے 115 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا۔پی ٹی اے کے مطابق 30 ستمبر سے 7 اکتوبر 2026 تک مختلف شہروں میں موبائل آپریٹرز کی سائٹس پر نیٹ ورک کی کارکردگی اور سروسز کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔جاری کردہ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 39 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا، جبکہ کراچی میں 17 اور سکھر میں 16 سائٹس کی جانچ کی گئی۔ اسی طرح ملتان اور راولپنڈی میں 14، 14، کوئٹہ میں 8، ایبٹ آباد میں 4 اور گلگت میں 3 ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا۔فیلڈ مانیٹرنگ کے دوران پی ٹی اے کی ٹیموں نے موبائل نیٹ ورک کی مجموعی کارکردگی، کالز اور ڈیٹا سروسز کے معیار کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ نیٹ ورک کوریج اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات بھی چیک کیے گئے۔ ٹیموں نے کال نہ ملنے، دورانِ گفتگو کال منقطع ہونے اور موبائل انٹرنیٹ کی سست رفتار جیسے مسائل کی موقع پر جانچ کی۔پی ٹی اے کے مطابق موبائل سروسز کے معیار کو متاثر کرنے والے عوامل کی نشاندہی کے لیے صارفین کی شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ معائنے کے دوران موبائل سائٹس اور ٹاورز میں تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کے بعد متعلقہ آپریٹرز کو اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں تاکہ مسائل دور کیے جاسکیں۔اتھارٹی نے بتایا کہ موبائل سروسز سے متعلق شکایات کے حل کے لیے مقامی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور متعلقہ کمیونٹی سے بھی رابطے کیے جارہے ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق جن علاقوں میں ٹیلی کام سائٹس کا معائنہ کیا گیا، وہاں موبائل سروسز کے معیار میں نمایاں بہتری دیکھی جارہی ہے، جبکہ آپریٹرز کی کارکردگی کی نگرانی بھی جاری ہے۔پی ٹی اے نے واضح کیا کہ موبائل سروسز کے معیار اور دستیابی میں مزید بہتری لانے کے لیے ٹیلی کام آپریٹرز کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد صارفین کو بہتر اور قابلِ اعتماد ٹیلی کام سروسز فراہم کرنا اور موبائل کالز و انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کا ازالہ یقینی بنانا ہے۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری کیلئے پی ٹی اے متحرک، 115 سائٹس کا معائنہ
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی