لاہور(پاکستان خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صوبے میں تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا آغاز جنوری 2027 سے ہوگا۔منصوبے کے تحت پنجاب کی 91 تحصیلوں میں مجموعی طور پر 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ہر تحصیل کے لیے الگ الیکٹروبس ڈپو قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ تحصیل سطح کی سروس کے لیے بسوں کی پہلی کھیپ جنوری 2027 میں لاہور پہنچے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مختلف اضلاع کے لیے اضافی الیکٹروبسیں فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ صوبے میں جون 2027 تک 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر تک سروس کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔منصوبے کے مطابق ملتان کی 9 تحصیلوں میں 169، ساہیوال کی 4 میں 87، بہاولپور کی 11 میں 215، ڈیرہ غازی خان کی 10 میں 63، فیصل آباد کی 12 میں 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں میں 198 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔اسی طرح گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں کے لیے 125، گجرات کی 8 تحصیلوں کے لیے 122 جبکہ راولپنڈی کی 16 تحصیلوں کے لیے 219 الیکٹروبسیں مختص کی گئی ہیں۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 612 الیکٹروبسیں پہلے ہی مکمل طور پر فعال ہیں اور روزانہ لاکھوں شہری ان سے سفری سہولت حاصل کررہے ہیں۔ ملتان سمیت دیگر اضلاع میں مزید 192 بسیں بھی چند روز میں سروس کا حصہ بن جائیں گی۔سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفرگڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان اور اٹک سمیت مختلف اضلاع کو مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔ بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی اضافی بس سروس شروع کی جائے گی۔منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب، نارووال، گوجرانوالہ اور ملتان کے لیے بھی مزید الیکٹروبسیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔