اسلام آباد( پاکستان خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کی 78ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانا بانیٔ پاکستان کی سیاسی میراث کا بنیادی مقصد ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم عظیم رہنما کی بصیرت افروز قیادت اور دانشمندانہ سیاسی حکمت عملی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ قائداعظم نے تاریخ کا رخ تبدیل کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کے قیام کی راہ ہموار کی اور مذہبی، تہذیبی و نظریاتی شناخت کے تحفظ کے لیے متحد ہوکر جدوجہد کا جذبہ پیدا کیا۔شہباز شریف کے مطابق قائداعظم نے نئی مملکت کو درپیش مشکل انتظامی اور مالی مسائل کو تدبر سے حل کیا۔ انہوں نے لاکھوں افراد کی ہجرت، حکومتی نظام کے قیام اور دیگر بڑے چیلنجز کا عزم و حوصلے سے مقابلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال اور فلاحی ریاست بنانا قائداعظم کے سیاسی وژن کا بنیادی تقاضا ہے۔