ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے لیے براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کردیا۔ریاض ایئر کے مطابق ڈھاکہ کے لیے روزانہ پرواز ایشیا میں کمپنی کے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک میں ایک اور نئے شہر کا اضافہ ہے۔ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ڈھاکہ کے شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے درمیان روزانہ پرواز بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے کے ذریعے چلائی جائے گی۔ریاض ایئر کی پہلی پرواز ڈھاکہ پہنچنے پر اسے پانی کی توپوں سے سلامی دی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سعودی عرب اور بنگلہ دیش کے ہوا بازی کے شعبوں سے وابستہ حکام اور ریاض ایئر کے نمائندے بھی موجود تھے۔ڈھاکہ ریاض ایئر کے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک میں شامل ہونے والی نویں منزل ہے۔