اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے مالی مسائل پر قابو پانے کے لیے 13 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ جبکہ سیالکوٹ۔کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے 34 ارب 60 کروڑ روپے کی خودمختار ضمانتوں کی منظوری دے دی ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ورچوئل اجلاس میں پی ٹی وی کے لیے مالی معاونت کی منظوری دی گئی۔وزارت اطلاعات و نشریات نے ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز، یوٹیلیٹی بلز اور دیگر ضروری اخراجات کی ادائیگی کے لیے 20 ارب روپے کی درخواست کی تھی، تاہم ای سی سی نے 13 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ فیصلہ کیا گیا کہ یہ رقم تقریباً 3 ارب 25 کروڑ روپے کی سہ ماہی اقساط میں فراہم کی جائے گی۔پی ٹی وی کمپنیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ادارہ ہے، جبکہ سیکریٹری اطلاعات اشفاق احمد خلیل ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پی ٹی وی کی آمدنی میں 22 فیصد کمی ہوئی اور وہ 14.3 ارب روپے رہ گئی، جبکہ ادارے کو 63 کروڑ 90 لاکھ روپے کے خالص خسارے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث پی ٹی وی خسارے میں چلنے والے بڑے سرکاری اداروں میں شامل ہو گیا۔دوسری جانب ای سی سی نے 69 کلومیٹر طویل سیالکوٹ۔کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے 34 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کی خودمختار ضمانتوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔
پی ٹی وی کے لیے 13 ارب گرانٹ، سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کو بھی مالی منظوری
واپس خبروں پر
Category:
کامرس