لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان میں سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سیکرٹری آئی پی سی محی الدین احمد وانی کے مطابق مرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے سیف گیمز کے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 5.7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔وزارت آئی پی سی کے مطابق پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں کھیلوں کی سہولیات کو جدید بنایا جائے گا، جبکہ مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 5.7 ارب روپے خرچ ہوں گے۔محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پیکیج کی منظوری سیف گیمز کی میزبانی کی تیاریوں میں اہم پیش رفت ہے۔ منصوبے کے تحت کھیلوں کے مراکز میں سہولیات کا معیار اور استعداد بڑھا کر انہیں عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔سیکرٹری آئی پی سی نے کہا کہ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد اور تکمیل یقینی بنائی جائے گی، جبکہ اپ گریڈ کیے جانے والے کھیلوں کے مراکز سیف گیمز کے اختتام کے بعد بھی پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند رہیں گے۔وزارت آئی پی سی کے مطابق سیف گیمز کی میزبانی کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔