کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے یوکرین اور پولینڈ کی سرحد کے قریب ایک مسافر ٹرین کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق روسی ڈرون نے پولینڈ کی سرحد سے صرف 2 کلومیٹر فاصلے پر اس ٹرین کو نشانہ بنایا، جو کیف سے یورپ جانے والے غیر ملکی سفارتی وفود کے زیر استعمال ریلوے راستے پر سفر کر رہی تھی۔حکام کے مطابق حملے سے چند منٹ قبل سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن، سابق سوئیڈش وزیراعظم کارل بلڈٹ اور دیگر یورپی شخصیات اسی ریلوے لائن سے سفارتی ٹرین کے ذریعے یورپ روانہ ہوئی تھیں۔حملے کا نشانہ بننے والی ٹرین ان کی ٹرین کے چند منٹ بعد سرحدی کراسنگ کی طرف روانہ ہوئی تھی۔ ڈرون کے قریب پہنچنے پر ٹرین خالی کرالی گئی، جس کے باعث تمام مسافر محفوظ رہے۔یوکرینی ریلوے آپریٹر نے خدشہ ظاہر کیا کہ روسی ڈرون کا ممکنہ ہدف سفارتی ٹرین تھی، جو روسی حملوں کے مسلسل خدشے کے باعث اچانک تبدیل کیے گئے نظام الاوقات کے تحت معمول سے پہلے روانہ ہوئی تھی۔