یمن( مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے متعدد فضائی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں مارب، الجوف اور تعز کے علاقے شامل ہیں۔یمنی ٹی وی کے مطابق الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 جبکہ تعز میں 5 فضائی حملے کیے گئے۔ صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں بھی سعودی فورسز کی جانب سے بمباری کی اطلاعات ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے تاحال ان فضائی حملوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ یمنی میڈیا نے بھی حملوں کی اطلاعات دی ہیں، تاہم مختلف ذرائع کے بیانات میں تفصیلات مختلف ہیں۔دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے خطرے سے خبردار کرنے کے لیے خمیس مشیط سمیت مختلف علاقوں میں الرٹس جاری کیے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل حوثی گروپ کے سعودی عرب پر حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سعودی قیادت میں قائم اتحادی فورس نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔سعودی اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں نے سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس پر سخت جواب دینے کا اعلان کیا گیا۔