ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی کابینہ نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرنے والے برادر اور دوست ممالک کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں عرب اتحاد کی فوجی کارروائیوں کا مقصد حوثی خطرات کا خاتمہ اور خطے میں امن و استحکام کا فروغ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں قومی سلامتی کے تحفظ اور مملکت کے دفاع میں مسلح افواج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اجلاس کے دوران دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات اور ملاقاتوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔سعودی کابینہ نے کہا کہ مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور حوثی ملیشیا کو مسلسل حملوں کے لیے جوابدہ ٹھہرانا ضروری ہے۔اجلاس میں حوثی حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔سعودی کابینہ نے واضح کیا کہ مملکت خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں آزادانہ بحری آمدورفت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔کابینہ کے مطابق یمن میں عرب اتحاد کی فوجی کارروائیوں کا بنیادی مقصد حوثی ملیشیا سے لاحق خطرات کا خاتمہ اور علاقائی امن کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی کابینہ کی حوثی حملوں کی مذمت کرنے والے ممالک کے مؤقف کی تحسین
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں