راولاکوٹ( پاکستان خبر) آزاد جموں و کشمیر کے علاقے راولاکوٹ میں مسلح عناصر نے مختلف عمارتوں پر مورچے قائم کر کے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس ترجمان ایس ایس پی خاور علی شوکت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مسلح گروہ عمارتوں میں چھپے ہوئے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان کے خلاف مؤثر کارروائی کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملے کے دوران ایک رینجرز اہلکار شہید ہوا، جبکہ آپریشن کے دوران متعدد مسلح افراد کو جدید اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی خاور علی شوکت کا کہنا تھا کہ ان عناصر کے روابط کہیں اور سے جڑے ہوئے ہیں، جو آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے سے بھی باخبر ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔