اسلام آباد( پاکستان خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ وفاق خیبر پختونخوا کی ترقی اور صوبے کے عوام کی بہتری کیلئے کام جاری رکھے گا۔ ملاقات میں وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مزید اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بھی ملاقات کی اور حالیہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ہر ممکن امداد اور ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور امدادی سامان کی بروقت ترسیل کیلئے متعلقہ محکموں سے رابطے مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔شہباز شریف نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر کے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کردی۔
شہباز شریف کا خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوامی فلاح کا سفر جاری رکھنے کا عزم
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان