مکہ مکرمہ( مانیٹرنگ ڈیسک) امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے، جسے کسی صورت عبور نہیں کیا جا سکتا۔مسجد الحرام میں خطبہ دیتے ہوئے شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور شہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین پر حملے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ ان مقدس مقامات کی حرمت کا احترام ہر صورت لازم ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں۔امام کعبہ نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور آوازیں تیار کرکے پھیلانے کو جھوٹ اور حرام عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، اسے اطاعت الٰہی اور خوشنودی کے حصول کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ خالد المعینا نے اپنے خطبے میں کہا کہ حرمین شریفین سے عداوت رکھنے والوں کی دشمنی انہیں گمراہی اور رسوائی کی طرف لے جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اللہ تعالیٰ کا محترم گھر اور اس کے نزدیک محبوب ترین سرزمین ہے۔
حرمین شریفین کی حرمت سرخ لکیر ہے، عبور نہیں کی جا سکتی: شیخ السدیس
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں