اسلام آباد (پاکستان خبر) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی آئین اور قانون کے مطابق آج بھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہیں، جبکہ وسوسے پھیلانے والے سانپوں اور سنپولیوں کو شکست ہوگی۔اپنے بیان میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اتحاد پر اس وقت غیر جمہوری فیصلہ سازوں کی جانب سے حملہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بیانیہ پھیلایا جارہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے 68 ارکان اسمبلی ایک گروپ کی حیثیت سے فیصلے کرنے والے ہیں اور بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کی سیاسی کمیٹی کی اجازت کے بغیر وزیراعلیٰ کا فیصلہ کیا جانے والا ہے۔سلمان اکرم راجہ کے مطابق یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ اسی گروپ نے آخری دنوں میں سہیل آفریدی اور ان کی ٹیم سے رابطہ منقطع کیا تھا اور اسی نے سرکاری جبر، ایمرجنسی اور گورنر راج کی راہ ہموار کی۔پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں، کسی سازشی بیانیے پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنید اکبر خیبر پختونخوا میں پارٹی کے بدستور صدر ہیں اور ان کی تقرری بانی پی ٹی آئی نے خود کی تھی۔ ان کی غیر موجودگی میں علی اصغر خان صوبے کے قائم مقام صدر ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان کے اختتام پر ایک بار پھر واضح کیا کہ سہیل آفریدی آئین اور قانون کی رو سے آج بھی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہیں اور پارٹی میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوگی۔
سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہیں، سازشی بیانیے پھیلانے والوں کو شکست ہوگی، سلمان اکرم راجہ
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان