اسپین( مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین میں 2026 کے موسمِ گرما کے دوران شدید گرمی سے منسلک اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔اسپین کے کارلوس سوم ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق 15 مئی سے 30 اگست 2026 تک شدید درجہ حرارت کے باعث تقریباً 5 ہزار 232 اضافی اموات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔صرف اگست کے دوران شدید گرمی سے 2 ہزار 147 اموات کا ابتدائی اندازہ سامنے آیا۔ متاثرین میں تقریباً 5 ہزار 48 افراد کی عمر 65 برس سے زیادہ تھی، جبکہ 85 برس سے زائد عمر کے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔اسپین میں اس سے قبل شدید گرمی سے ہونے والی سب سے زیادہ اموات کا ریکارڈ 2022 میں 4 ہزار 789 تھا، جو 2026 میں تجاوز کرگیا ہے۔حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار موت کے سرٹیفکیٹس میں براہِ راست گرمی کو موت کی وجہ قرار دینے پر مبنی نہیں، بلکہ شماریاتی تخمینہ ہیں، جن کے ذریعے معمول کی شرح کے مقابلے میں شدید درجہ حرارت سے ممکنہ طور پر ہونے والی اضافی اموات کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔2026 کا موسمِ گرما اسپین میں غیر معمولی حد تک گرم رہا۔ جولائی تاریخی ریکارڈ کے گرم ترین مہینوں میں شامل رہا، جبکہ ملک کو شدید گرمی کی متعدد لہروں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔