کراچی( کامرس ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں اسپن وام سے دریافت ہونے والی گیس کی تجارتی فروخت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں گیس کی خریداری کے لیے بولی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔ماری انرجیز لمیٹڈ نے شفاف بولی کے عمل کے بعد کامیاب بولی دہندہ یونیورسل گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی کو گیس خریداری کا لیٹر آف ایوارڈ جاری کر دیا ہے۔کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے اعلامیے میں بتایا کہ اسپن وام گیس دریافت سے حاصل ہونے والی گیس کی فروخت کے لیے ٹینڈر 15 مئی 2026 کو جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت بولی کا عمل مکمل کیا گیا۔ماری انرجیز کے مطابق اسپن وام گیس فیلڈ سے روزانہ 17.5 ملین مکعب فٹ گیس فروخت کی جائے گی۔ کمپنی نے واضح کیا کہ گیس کی فراہمی اور فروخت حکومت پاکستان کے 7 جنوری 2025 کو جاری کردہ ’’تھرڈ پارٹیز کو گیس فروخت کرنے کے فریم ورک‘‘ کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔اس پیش رفت کو خیبر پختونخوا میں توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مقامی گیس کے تجارتی استعمال میں اضافہ متوقع ہے۔
شمالی وزیرستان کی اسپن وام گیس کی فروخت کا عمل مکمل، کامیاب خریدار کو ایوارڈ جاری
واپس خبروں پر
Category:
کامرس