کیلیفورنیا( ویب ڈیسک) ایک نئے مقامی سروے کے مطابق 10 میں سے 6 امریکیوں کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت مستقبل میں انسانوں کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔امریکی سیاسی خبر رساں ادارے پولیٹیکو نے 2 ہزار 64 بالغ امریکی شہریوں کی رائے پر مبنی سروے کے نتائج جاری کیے ہیں، جن سے تیزی سے ترقی کرتی مصنوعی ذہانت کے ممکنہ منفی اثرات کے حوالے سے عوامی تشویش کا اندازہ ہوتا ہے۔سروے میں مصنوعی ذہانت کے باعث انسانی نسل کے معدوم ہونے کے خدشے کے بارے میں 17 فیصد افراد نے اسے ’تقریباً یقینی‘ قرار دیا، 20 فیصد نے ’اہم خطرہ‘ جبکہ 26 فیصد نے ’کسی حد تک خطرہ‘ قرار دیا۔دوسری جانب 15 فیصد شرکا نے اسے ’بہت کم خطرہ‘، 7 فیصد نے ’کوئی خطرہ نہیں‘ قرار دیا، جبکہ 15 فیصد افراد اس معاملے پر غیر یقینی کا شکار نظر آئے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی رائے بھی یکساں نہیں تھی۔ سروے میں 44 فیصد نے مصنوعی ذہانت کی ترقی روکنے کی حمایت کی، جبکہ 40 فیصد کا کہنا تھا کہ اس کی پیش رفت جاری رہنی چاہیے کیونکہ یہ ٹیکنالوجی اب بھی نمایاں فوائد فراہم کرسکتی ہے۔