اسلام آباد (پاکستان خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ایران کا دورہ نہیں کیا، وہ اسے تباہ حال ملک سمجھتے ہیں، تاہم وہاں جاکر صورتحال دیکھنے والوں کو مختلف حقیقت نظر آتی ہے۔لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایران جانے والے کئی افراد وہاں کی صنعتی سرگرمیاں دیکھ کر حیران ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر عالمی پابندیاں عائد ہیں، اس کے باوجود وہاں مختلف شعبوں میں صنعتیں قائم ہیں اور ملک آگے بڑھ رہا ہے، تو پاکستان بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔محسن نقوی کے مطابق ملکی مسائل کا حل برآمدات میں اضافہ اور مقامی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔ اگر پاکستان ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ کو ترجیح دے تو کئی معاشی مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں تبدیلی اور ازسرنو ترتیب کی ضرورت ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے کاروباری طبقے سمیت سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔