نیویارک( ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی مقبول ایپ ٹک ٹاک نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’’مسک‘‘ کی تشہیر کرنے والے اشتہاری اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا ہے۔امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے یہ اقدام سیاسی مواد سے متعلق اپنی پالیسیوں کی بار بار خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم تقسیم کرنے والی کمپنی کو جمعے کی سہ پہر مطلع کیا گیا کہ اس کا اشتہاری اکاؤنٹ مستقل طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے بعد کمپنی نہ تو اشتہارات خرید سکے گی اور نہ ہی فلم سے متعلق مواد کی تشہیر کے لیے رقم خرچ کر پائے گی۔تاہم ٹک ٹاک پر دستاویزی فلم کا عام، غیر معاوضہ شدہ اکاؤنٹ بدستور فعال ہے۔ پابندی کے باعث تقسیم کار کمپنی اپنی پوسٹس کی رسائی بڑھانے کے لیے ادائیگی نہیں کر سکے گی۔فلم کی تقسیم کار کمپنی کے ترجمان نے اکاؤنٹ کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے اس اقدام کے خلاف اپیل بھی دائر کر دی ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دستاویزی فلم کی نمائش شمالی امریکا کے 470 سے زائد سینما گھروں تک پھیل چکی ہے۔آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز الیکس گبنی کی ہدایت کاری میں بننے والی دستاویزی فلم ’’مسک‘‘ میں ایلون مسک کی کاروباری سلطنت، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے حصول اور ان کی سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔فلم میں امریکی محکمۂ حکومتی کارکردگی (ڈوج) کے ساتھ مسک کی وابستگی کا معاملہ بھی شامل ہے۔
ٹک ٹاک نے ایلون مسک کی دستاویزی فلم کے تشہیری اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی
واپس خبروں پر
Category:
ٹیکنالوجی