اسلام آباد (پاکستان خبر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ وقت بدل جائے گا، آج آپ کے پاس طاقت ہے، لیکن معلوم نہیں کہ کل بھی یہ طاقت برقرار رہے گی یا نہیں۔’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وقت گزر گیا، وہ بھی ماضی میں مولانا فضل الرحمٰن کے لیے ’ڈیزل، ڈیزل‘ کے نعرے لگایا کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب آپ کو مولانا فضل الرحمٰن کی ضرورت تھی۔ اگر ہم پارلیمان میں ایک مؤقف اختیار کرتے اور باہر اس کے برعکس بات کرتے تو ہماری سیاسی اہمیت کیا رہ جاتی؟جے یو آئی کے سینیٹر نے مزید کہا کہ اگر وہ ایک مؤقف اپناتے اور پسِ پردہ کسی معاملے میں حصہ لے لیتے تو ان کی ساکھ اور سیاسی وزن باقی نہ رہتا۔ عوام کو خود فیصلہ کرنا چاہیے کہ کون سچ بول رہا ہے اور کون جھوٹ۔کامران مرتضیٰ نے سیاسی اختلافات کے حوالے سے کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ، لیکن اسے ذاتیات تک نہیں لے جانا چاہیے۔ ان کے بقول مخالفین کی ذات پر حملے کرنا اور ان کے خلاف نازیبا باتیں پھیلانا سیاسی پختگی کے بجائے کم ظرفی کی علامت ہے۔