لاہور(پاکستان خبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹمبر مارکیٹ سے ملنے والا بھاری نقدی سے بھرا بیگ مالک تک پہنچانے والے ٹریفک وارڈن سہیل وزیر ڈوگر کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔مریم نواز شریف سے ملاقات کے دوران ٹریفک وارڈن سہیل ڈوگر نے بتایا کہ معمول کی گشت کے دوران انہیں سڑک پر ایک بیگ ملا، جس میں بھاری رقم کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری دستاویزات موجود تھیں۔سہیل ڈوگر نے بیگ میں موجود معلومات کی مدد سے مالک کو تلاش کیا اور رقم و کاغذات سمیت بیگ بحفاظت اس کے حوالے کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سہیل ڈوگر کی دیانتداری اور فرض شناسی قابلِ تحسین ہے، اگر ہر پاکستانی ایمانداری کو اپنا شعار بنا لے تو ملک تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔