واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کی سلامتی اور دیگر ضروریات سے متعلق مستقل اختیار حاصل ہوگا۔ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ اور اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی ہوگی، جبکہ اس سلسلے میں امریکا کو کوئی مالی بوجھ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔ان کے مطابق امریکا کی تحریری اجازت کے بغیر کسی مخالف ملک کو گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، اپنی فوج تعینات کرنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے مقامی آبادی کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت سے ماضی کے امریکی صدور بھی واقف تھے، تاہم اس معاملے کو مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان تو کردیا ہے، تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں نے اس کی تفصیلات کی فوری طور پر عوامی سطح پر تصدیق نہیں کی۔