واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا جلد ایران سے نکل جائے گا جبکہ تیل کی قیمتیں بھی تیزی سے گرنے والی ہیں۔ٹیکساس میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ ہے کہ آیا تہران اپنے جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے قابل قبول اقدامات کرنے پر تیار ہے یا نہیں۔ٹرمپ نے گزشتہ دنوں لاس اینجلس اور سان ڈیاگو پر مبینہ ایرانی حملوں سے متعلق اپنے متنازع بیانات بھی دہرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے حملے ہوئے تو امریکا سخت ردعمل دے گا اور اپنے دفاع کو یقینی بنائے گا۔یہ ٹیکساس کا گزشتہ ایک ماہ کے دوران ٹرمپ کا تیسرا دورہ تھا، جہاں وہ وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔